پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے ‘شرکاء

July 11, 2020

پشاور(نامہ نگار )خیبر پختونخواپولیس کو دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹلائزیشن اور جدید دور کے میڈیا کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے اپنے نظام میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے تاکہ عام عوام کی نظر میں اس کا بہتر تاثر قائم ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہارسول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، مقامی اخبار، ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل میڈیاکے نمائندوں نے پشاور میں ’’پولیس عوام ساتھ ساتھ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ آن لائن سیمینارمیں کیا۔ شرکاء نے کہا کہ پیشہ ورانہ پولیسنگ کی منزل کے حصول کیلئے خیبر پختونخوا پولیس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ مقامی یونیورسٹی کے شعبہ تحقیق سے وابستہ طالب علم کا کہنا تھا کہ اصلاحات کا کسی بھی طرز کا ایجنڈا اس وقت تک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا جب تک کے انتظامی درجے کے ہر فرد کیلئے الگ الگ رویہ جاتی اصول نہ وضع کر دیے جائیں۔ روائتی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شرکاء نے خیبر پختونخوا پولیس کی لازوال قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔پولیس میں خواتین کی تعداد میں اضافہ کیا جا نا چاہیے اس کے علاوہ نفسیاتی ماہرین کی شمولیت ایک بہتر اضافہ ہو گا تاکہ مشکل ڈیوٹیاں انجام دینے والے اہلکاروں کی حسب ضرورت بہتر نفسیاتی رہنمائی ہوتی رہے۔