‘CV’ میں کن نقاط کا احاطہ کرنا چاہیے؟

July 12, 2020

کیریئر کے ہر موڑ پر ’’سی وی‘‘ کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے کیونکہ ملازمت کے لیے بھیجی جانے والی درخواست کے ساتھ آپ کے ذاتی کوائف، تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تجربے پر مشتمل دستاویز (سی وی) کو دیکھ کر ہی کوئی بھی ادارہ آپ کو انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملازمت حاصل کرنے کا خواہشمند ہر فرد یہ چاہتا ہے کہ اس کی سی وی ایسی ہو کہ پڑھنے والے متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے۔ تو آئیے جانتے ہیں کہ موجودہ مسابقتی دور میں آپ کی سی وی کو کیسا نظر آنا چاہیے اور اس میںدی گئی کون سی معلومات عمدہ ملازمت کے حصول میں آپ کی کامیابی کی کلید ثابت ہوسکتی ہے۔

بنیادی باتیں

سب سے پہلے سی وی کی تیاری سے متعلق ان خاص نکات کاتذکرہ کیا جارہا ہے، جن کے متعلق کسی بھی پیشہ ور شخص کا جاننا ضروری ہے۔

1- عام طور پر سی وی میں 77فیصد ٹائپنگ اور گرامر کی غلطیاں،75فیصد سابقہ ملازمت کی تنخواہ، مختلف کورسز یا پھرغیر متعلقہ ملازمت کا تجربہ لکھنے میںغلط بیانی،35فیصد غیر پیشہ ورانہ ای میل، 17فیصد دو صفحات سے زائد پر مشتمل ہونااور 25فیصد لمبی چوڑی تمہید باندھنا یا پیراگراف لکھنا جیسی غلطیاں عام ہیں۔

2- اگرکسی ایک عہدے پر ملازمت کے حصول کے لیے ادارہ کو250سی وی موصول ہوں تو ایک اندازے کے مطابق شارٹ لسٹ ہونے والے افراد کی تعداد10 سے بھی کم ہوتی ہے، جن میں سے انٹرویو کے دوران کوئی ایک درخواست دہندہ ملازمت کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔

3- چند ایسی چیزیں ہیںجن کی وجہ سے آپ کی سی وی کو دوسروںپر ترجیح حاصل ہوتی ہے، مثال کے طور پر action verb کے ساتھ جملوں کا آغاز کرنا، صبح 6بجے سےصبح 10کے دوران سی وی ارسال کرنا، جاب کا اشتہار شائع ہونے کے بعد 1سے 4دن کے اندر سی وی بھیجنا، بنیادی یا کلیدی صلاحیتوں کا لکھنا، پرسنل پروناؤن کا استعمال نہ کرنا اور ایسی بات لکھنا جس سے پتہ چلے کے آپ کے اندر لیڈرشپ کی صلاحیت ہے۔

مختصر لیکن متاثر کن

ہوسکتا ہے کہ آپ کافی محنت کرنے کے بعد اپنی اہلیت، تجربے اور صلاحیتوں پر مبنی ایسی سی وی تیار کرنے میں کامیاب ہوجائیں جو متعلقہ افراد کو متاثر کرسکے لیکن یہ یاد رکھیں کہ طویل اور دو سے زائد صفحات پر مشتمل سی وی کسی بھی ادارے کی ہائرنگ انتظامیہ کو متاثر نہیں کرپاتی۔ ہائرنگ منیجر یا ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ سی وی پڑھتے ہوئے چار چیزوں پر غوروفکر کرتے ہیں ( کام کا تجربہ، تعلیمی قابلیت، اضافی مہارتیں اور شخصیت)۔

عموماً دو صفحات پر مشتمل سی وی ہی بہتر سمجھی جاتی ہے، لہٰذا غیر ضروری الفاظ اور معلومات کو نکال کرصرف متعلقہ معلومات مہیا کی جائے۔ اس کے علاوہ سی وی کو طویل ترین پیراگراف میں تیار کرنے کے بجائے پورشن میں تقسیم کریں تاکہ یہ اچھا تاثر دے۔

ہر شعبہ کیلئے مخصوص سی وی

ملازمت کے لیے درخواست بھیجنے کا سنہری اصول یہ ہےکہ آپ جس عہدہ کے لیے سی وی بھیج رہے ہیں وہ آپ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مطابقت ر کھتا ہو۔ کسی ایسے عہدے کے لیے سی وی بھیجنا، جس کے مطابق آپ نے سی وی مرتب نہ کی ہو تو یہ عمل ملازمت کے حصول کے لیے مناسب نہیں کیونکہ ہائرنگ منیجر دیکھتے ہی فیصلہ کرلے گا کہ آپ اس عہدے کے اہل نہیں۔

لہٰذا سی وی کو کسی مخصوص شعبہ او ر اس کے لیے درکار بنیادی اسکلز کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کرنا ضروری ہے۔ علمی ماہرین کے مطابق دور جدید میں عمومی طور پر(Generic) تیار کی گئی سی وی ہائرنگ منیجرز کو متاثر نہیں کرتی، اس کے برعکس ہر شعبہ کیلئے مخصوص سی وی (Field specific CV) چونکہ اس شعبے میں سابقہ تجربے کا احاطہ کیے ہوتی ہےاس لیے امیدوار کو شارٹ لسٹ کیے جانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔

لنکڈاِن پروفائل

لنکڈاِن پر آپ کا ذاتی اکاؤنٹ بھی آپ کی برانڈنگ کا باعث بن سکتا ہے۔ ملازمت دینے والا شخص سی وی میںفراہم کردہ آپ کے لنکڈاِن اکاؤنٹ پر جاکر آپ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرسکتا ہے کیونکہ سی وی میںتمام چیزوںکا احاطہ کرنا ممکن نہیںہوتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ دوسروں کی طرف سے ریکمنڈیشن بھی پڑھ سکتا ہے۔