گھر کے بیرونی حصوں میں اینٹوں کا منفرد استعمال

July 12, 2020

تعمیراتی عمل میں اینٹوں (Bricks) کا استعمال بہت عام ہے، یہ تعمیرات میں استعمال ہونے والی ایک انتہائی اہم شے ہے جسے نت نئے رنگ وروغن میں چھپا دیا جاتا ہے۔ لیکن ہمیں امید ہے کہ آج کا مضمون پڑھنے کے بعد آپ ان اینٹوں پر رنگ و روغن کروانے کے بجائے انہیں گھر میں جدت لانے یا پھر گھر کے بیرونی حصے کی دلکشی بڑھانے کے لیے استعمال کریں گے۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق گھر کا بیرونی حصہ (Exterior) مکینوں کے تعمیراتی ذوق کا ترجمان ہوتا ہے۔ یہاں استعمال کیا جانے والا مواد نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے بلکہ آپ کے مکان کی قدروقیمت بھی بڑھاتا ہے۔

مکان بناتے وقت آرائشی پتھروں کا استعمال بطور ٹرینڈ کیا جاتا ہے تو پھر کیوں نہ اس کی ’فیس ویلیو‘ بڑھانے کے لیے بیرونی حصے میںقدرتی پتھروں سے بنی اینٹوں کا استعمال کیا جائے۔ اینٹوں کا سائزتعمیراتی ڈیزائن پر منحصر ہوتا ہے، ممکن ہے کہ آپ گھر کے بیرونی حصے میں ایک ہی سائز کی اینٹوں کا استعمال چاہتے ہوں یا پھر مختلف سائز کی اینٹوں کے ذریعے منفرد وضع دیناچاہتے ہوں۔

بیرونی حصے کے مرکز میںیا پھر سائیڈ کی دونوں دیواروں میںاینٹیں نصب کی جاسکتی ہیں، ان دنوں جدید گھروں کی تعمیر میں یہ ٹرینڈ عام ہے۔ اگر آپ اپنا مکان تعمیر کروارہے ہیںیا گھر کے بیرونی حصے کی تزئین نو کا ارادہ رکھتے ہیں تو اینٹوں کے منفرد استعمال کے حوالے سے تعمیراتی ماہرین کی جانب سے پیش کردہ چند تجاویز پیشِ خدمت ہیں۔

پہلی تجویز

تعمیراتی ماہرین ایکسٹیریئر کے مخصوص حصوں کے لیے اینٹیں استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں مثلاً اگر آپ کا مکان دو منزلہ ہے تو صرف اوپری منزل کے بیرونی حصے میں اینٹوں کا استعمال کیا جائے۔ اوپری منزل پر اینٹوں کا استعمال ایک کے بجائے مختلف سمتوں مثلاً ایک اینٹ عمودی رُخ تو دوسری افقی رُخ میں کیا جانا چاہیے۔ اس طرحکا تعمیراتی ڈیزائن عموماً دنیا بھر میں میوزیم اور آرٹ گیلریز کی زینت بنا دکھائی دیتا ہے۔

دوسری تجویز

دنیا بھر میں شیشے کو بطور مواد یہ اہمیت حاصل ہے کہ یہ مکینوں کو باہر کے مناظر سے جوڑے رکھتا ہے۔ آپ شیشے میں دیکھتے ہوئےقدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ تاہم اینٹوں میں یہ خاصیت ہے کہ اگرانھیں عقل مندی سے نصب کیا جائے تو ایک طر ف ان سے تعمیر کردہ دیوارہوا کا راستہ بناتی ہے تو دوسری جانب منفرد جدت عطا کرسکتی ہے۔ اس طرحکی دیوار کی تعمیر کے لیے پہلے ایک فریم ورک ترتیب دیا جاتا ہے، جس کے تحت ہر تھوڑے فاصلے پراینٹیں نصب کی جاتی ہیں جو تعمیر کے بعد کارآمد ثابت ہوتی ہیں۔ ماہرین عام طور پر گھر کے بیرونی حصے میںسن روم کی تعمیر کے لیے ایسی دیوار بنوانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

تیسری تجویز

آپ کے پاس اگر گھر کے اندرونی حصے میں کتب بینی کے لیے کوئی آرام دہ جگہ موجود نہیں تو ٹیرس یا باغیچے میں ایک مطالعہ کی جگہ تخلیق کریں۔ ایک چھوٹی سی جگہ پر بھی یہ کام بہترین انداز میںہوسکتا ہے۔ چار دیواری میںہر تھوڑے فاصلے پر اینٹیں کھڑ ی کرکےایک بہترین مطالعاتی جگہ بنائی جاسکتی ہے، اینٹوں کے درمیان فاصلہ دھوپ اور روشنی کے لیے جگہ فراہم کرے گا۔ ویسے بھی کہا جاتا ہے کہ روشنی کا راستہ نہ روکا جائے کیونکہ یہ زندگی کی اہم ضرورت ہے۔ اس حصے میں چھت کے لیے لکڑی یا سیمنٹ کا استعمال کیا جاسکتا ہے اور خوبصورتی بڑھانے کے لیے سبزہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔

چوتھی تجویز

گھر کے بیرونی حصے میں اینٹوں کے استعمال سے متعلق چوتھی تجویز ستونوں کی تعمیرہے۔ تعمیراتی صنعت میں لکڑی، اسٹیل ، فائبر، سیلولر پی وی سی اور المونیم جیسے مٹیریل کےبجائے عموماً کنکریٹ کے ستون بنائے جاتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ پائیدار تصور کیے جاتے ہیں۔ تعمیرات کا اسکیل ، لاگت اور اسٹرکچر کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا جاتاہے کہ ستونو ں کی کونسی اقسام استعمال کی جائیں۔

آپ تعمیراتی ماہر کے مشورے سے ستونوں کی تعمیرکے لیے بہتر سے بہتر مواد کا انتخاب کریں، جس پر اینٹیں بطور آرائشی مواد استعمال کی جاسکتی ہیں۔ ستونوں کے اطراف اینٹیں اس طرح نصب کی جاتی ہیں کہ یہ ایک خوبصورت اور منفرد منظر پیش کرتی ہیں۔

پانچویں تجویز

جدید دور میں آؤٹ ڈور کچن بنانے کا رواج بھی زور پکڑ گیا ہے۔ گھر کے بیرونی حصے میںبنا کچن جہاں آپ کو کھلی فضا میںکھانا پکانےکا موقع فراہم کرتا ہے، وہیں گھر کے استعمال نہ ہونے والے حصے کو کام میں لانے کا ذریعہ بنتا ہے۔ آؤٹ ڈور کچن کی تعمیر میں اینٹیں بطور مواد متعددجگہوں پر استعمال کی جاسکتی ہیں مثلاًکچن کی مرکزی دیوار اینٹوں سے تعمیر کروائی جاسکتی ہے۔

کچن کے سلیب یا پھر چولہوں کی عقبی دیوار بھی بطور آرائش اینٹوں سے تعمیر کی جاسکتی ہے۔ آؤٹ ڈور کچن کی تعمیر میں استعمال کی جانے والی اینٹیں سادہ روایات کے عین مطابق مختلف اسٹائل کا مجموعہ ہوتی ہیں، جوآپ کے آؤٹ ڈور کچن کو ورسٹائل انداز فراہم کرتی ہیں۔