بھارت: مشہور کرکٹ اسٹیڈیم ایڈن گارڈن قرنطینہ سینٹر میں تبدیل

July 11, 2020


بھارت کے مشہور ایڈن گارڈن کرکٹ اسٹیڈیم کو کولکتا پولیس اہلکاروں کے لیے قرنطینہ سینٹر بنا دیا گیا۔

بھارتی حکام کے مطابق شہر کے اسپتالوں میں مریضوں کے رش کے باعث اسٹیڈیم کو پولیس اہلکاروں کے لیے قرنطینہ سینٹر بنایا گیا ہے، مریضوں کے لیے بستر اسٹیڈیم کی پچ سے ہٹ کر گیلریز میں لگائے گئے ہیں۔

کولکتا پولیس کے ساڑھے پانچ سو اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

ایڈن گارڈن کے مشہور اسٹیڈیم میں 1987 کے کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا گیا تھا۔

آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے ہوئیے ہیں

ریلائنس ورلڈ کپ کے نام سے کھیلے گئے ایونٹ میں ایلن بارڈر کی قیادت میں آسٹریلیا نے مائیک گیٹنگ کی انگلش ٹیم کو 7 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا، جبکہ یہ پہلا کرکٹ ورلڈکپ تھا جو انگلینڈ سے باہر کسی دوسرے ملک میں کھیلا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ایڈن گارڈن ہی وہ اسٹیڈیم ہے جہاں 1999 کی ٹیسٹ سیریز کے دوران اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے پہلے راہول ڈریوڈ اور پھر لیجنڈری سچن ٹینڈولکر کو پہلی ہی گیند پر کلین بولڈ کرکے دنیا کرکٹ کو اپنی ہیبت میں مبتلا کردیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں کورونا سے 22 ہزار 153 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 23 ہزار 927 ہو گئی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار 711 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 63 ہزار 488 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 47 لاکھ 2 ہزار 689 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 715 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 73 لاکھ 86 ہزار 534 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔