کورونا ویکسین کی تیاری میں پیش رفت ہوئی ہے، بل گیٹس

July 11, 2020


مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی تیاری میں پیش رفت ہوئی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ویکسین زیادہ بولی لگا کر خریدنے والوں کو دی گئی، تو یہ نا انصافی ہوگی۔

بل گیٹس نے کہا کہ امید ہے دنیا جلد کووڈ 19 کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے زور دیا کہ کورونا ویکسین اور دوائیاں ضرورتمندوں کو ملنی چاہیں۔

بل گیٹس نے کہا کہ اگر یہ ویکسین ضرورتمندوں کے بجائے زیادہ بولی لگا کر خریدنے والوں کو دی گئی، تو یہ نا انصافی ہوگی۔

عالمی وباء کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار 711 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 63 ہزار 488 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 47 لاکھ 2 ہزار 689 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 715 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 73 لاکھ 86 ہزار 534 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 36 ہزار 682 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 32 لاکھ 92 ہزار 257 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 16 لاکھ 94 ہزار 931 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 777 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 لاکھ 60 ہزار 644 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 18 لاکھ 4 ہزار 338 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 70 ہزار 524 زندگیاں نگل چکا ہے۔

بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافےکے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں کورونا سے 22 ہزار 153 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 23 ہزار 927 ہو گئی۔