’آیا صوفیا‘ کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے پر گرجا گھروں کی تنظیم کا اظہار رنج

July 11, 2020


ورلڈ کونسل آف چرچز نے ترکی میں ’آیا صوفیا‘ کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر رنج کا اظہار کیا ہے۔

تنظیم نے اس حوالے سے ترک صدر رجب طیب اردوان کو خط لکھ دیا ہے۔

ساڑھے تین سو گرجا گھروں کی نمائندہ تنظیم نے اپنے خط میں لکھا کہ 1934 میں مسجد سے عجائب گھر میں تبدیل ہونے کے بعد سے ’آیا صوفیا‘ تمام مذاہب اور قوموں کے لئے رواداری کی علامت رہی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ترکی کی اعلیٰ عدلیہ نے آیا صوفیہ کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔

تاریخی شاہکاروں کے ٹرسٹ اور ماحولیاتی انجمن کی جانب سے آیا صوفیہ کو مسجد سے میوزیم میں تبدیل کئے جانے کیخلاف مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

کونسل آف اسٹیٹ نے 2 جولائی کی سماعت میں فریقین کا موقف سننے کے بعد 24 نومبر 1934 کے کابینہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔