امریکا: ایک روز میں کورونا کے 63 ہزار مریض سامنے آگئے

July 11, 2020


امریکا میں عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پھیلنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جہاں ایک روز میں مزید 63 ہزار مریض سامنے آگئے۔ ملک بھر میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک دن میں 11 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 5 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 1 کروڑ 26 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ 73 لاکھ صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ادھر پڑوسی ملک بھارت میں ایک دن میں مزید27 ہزار نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

برطانیہ میں کورونا کیسز دو لاکھ 89 ہزار تک پہنچ گئے، ہلاکتوں کی تعداد 44 ہزار سے زیادہ ہے۔

برطانیہ میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک کی پابندی کے بعد برطانوی وزیراعظم نے لوگوں سے رش اور تنگ جگہوں پر بھی ماسک پہننے کی ہدایت کر دی، جبکہ آج سے تھیٹرز اور سوئمنگ پولز بھی کھول دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: ’کورونا پھیلاؤ کے باوجود معیشت کو بند نہیں کرسکتے‘

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 26 لاکھ 52 ہزار 711 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 63 ہزار 488 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 47 لاکھ 2 ہزار 689 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 715 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 73 لاکھ 86 ہزار 534 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔