عبدالستار ایدھی،برہان وانی کی برسی پر بارسلونا میں تقریب

July 12, 2020

بارسلونا (شفقت علی رضا ) سپین میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بارسلونا میں تحریک آزادی کشمیر کو اپنی شہادت سے نئی جلا بخشنے والے نوجوان مظفر برہان وانی اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی زندگی وقف کر دینے والے عبدالستار ایدھی کی برسی کی عقیدت و احترام سے منائی جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی ۔قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری کی زیر صدارت ہونے والی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے رضوان زاہد نے کیا ،نقابت کے فرائض حافظ عبدالرزاق صادق نے ادا کئے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری ، چوہدری پرویز احمدتریڑوانوالہ، چوہدری احمد خان تریڑوانوالہ،ندائے کشمیر ایسوسی ایشن اسپین کے صدرراجہ مختار سونی،بزنس سیکٹر کے چوہدری امانت حسین مہر،منہاج القران کے محمد اقبال چوہدری ، ادارہ ہم وطن کے جاوید مغل ، پاکسلونا ایسوسی ایشن کے راجہ شفیق کیانی اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عبدالستار ایدھی مرحوم اور مظفر برہان وانی شہید کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا،مقررین کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی ایک متوسط اور غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے شخص تھے۔انہوں نے رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر دکھی انسانیت کی مثالی خدمت کی، انہوں نے صحیح معنوں میں خود کو غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کے لئے وقف کر رکھا تھا، مقررین نے کہا کہ عبدالستار ایدھی اور برہان وانی عہد ساز شخصیات تھیں جنہوں نے انسانیت اور آزادی کے لئے اپنی ساری زندگی دوسروں کے لئے وقف کر دیں عبدالستارایدھی نے اپنی زندگی انسانیت کے نام کی تو مظفر برہان وانی نے بھی اپنی جان آزادی کشمیر پر قربان کرکے وادی کے نوجوانوں کے اندرتحریک کی نئی شمع روشن کر دی ،اس موقع پر روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں بارسلونا ہمیشہ سر فہرست رہا ہے اُس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی قونصل خانہ بارسلونا اور سفارت خانہ میڈرڈ کے ساتھ اکھٹے اور ایک پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج جن شخصیات کی برسی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے وہ اسی قابل تھیں ، عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی فلاح کے کام اور مظفر برہان وانی کی مقبوضہ کشمیر میں بسنے والی اپنی آئندہ نسلوں کے لئے جان کی قربانی تاریخی کام ہیں جنہیں دُنیا کبھی نہیں بھلا پائے گی اور اسی لئے دونوں کی قربانیوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ، تقریب میں ارشاد اللہ بھٹی ، چوہدری امتیاز آکیہ ، چوہدری شاہد لطیف گجر ، اشرف مغل ، توقیر احمد ، ابوبکر گوندل اور دیگر نے شرکت کی ۔تقریب کے اختتام پر عبدالستار ایدھی اور مظفر برہان وانی شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔