منہاج القرآن ڈنمارک کا ڈپلومہ اسلامک ایجوکیشن کااجرا

July 12, 2020

ڈنمارک (نمائندہ جنگ)ادارہ منہاج القران ڈنمارک ایجوکیشن بورڈ کےڈائریکٹر مفتی ارشاد حسین سعدی سے پاکستانی کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں مفتی ارشاد سعدی نے پاکستانی کمیونٹی کوپن ہیگن کے بچوں کے لئے شروع کئے گئے پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے ڈپلومہ ان اسلامک ایجوکیشن سمسٹرز پر مشتمل دو سالہ دینی تعلیم و تربیت کا تعارف کروایا۔جس میں مطالعہ قرآن، مختلف موضوعات پرقرآن مجید کی منتخب آیات کا مطالعہ، لفظی و با محاورہ ترجمہ،تفسیر مطالعہ، حدیث، مختلف موضوعات پر منتخب احادیث کا مطالعہ، لفظی و با محاورہ ترجمہ اور تشریح،حدیث کی مختلف اقسام کا تعارف، اسلامی عقائد توحید،رسالت ، ملائکہ ، آخرت سمیت اسلام کے اہم عقائد کی تعلیم، اسلامی فقہ، طہارت، نماز ، روزہ ، زکوٰۃ ، حج و عمرہ کے فقہی احکام اور اسلام کے فلسفہ حلال و حرام پر جدید انداز میں تعلیم، عربی گرائمر صرف و نحو کی ابتدائی تعلیم، قرآن و حدیث میں استعمال ہونے والے الفاظ کی شناخت اور بنیادی گرائمر شامل ہیں ، ملاقات میں نواز مرزا، ڈاکٹر پروفیسر غلام شبیر، پروفیسر محمد جاسم موجود تھے، وفد نے ادارہ منہاج القرآن ڈنمارک کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ منہاج القرآن پاکستان کی نئی نسل کو اچھے اخلاق و پیار کی تربیت کے ساتھ تیار کرے گی اور یہ نئی نسل ، ڈینش معاشرے میں کلیدی کردار ادا کرے گی اس وقت جو مسلمانوں کو یورپ میں چیلنجز ہیں ان کا مقابلہ کرنے کیلئے دین کی روح کو سمجھ کر ہی ہم اس معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔سماجی رہنما نواز مرزا نے مفتی ارشاد سعدی کی مسلم کمیونٹی کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور تعاون کا یقین دلایا۔