سر گرمیوں کی بحالی میں تاخیر پر کھیلوں کے حلقوں میں بے چینی

July 12, 2020

کراچی( نصر اقبال ،اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باوجود ملک میں کھیلوں کی سر گرمیوں کی بحالی میں تاخیر پر کھیلوں کے حلقوں کی بے چینی میں اضافہ ہورہا ہےاور انہوں نے وزیر اعظم سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے،کھیلوں کی سر گرمیوں کے معطل ہونے سے کئی نجی جمنازیم،گرائونڈ اسٹاف بے روزگاری کا شکار ہوگئے ہیں،وفاقی وزارت بین الصوبائی امور کو صوبوں کے عدم تعاون کے باعث سخت مشکلات کا سامنا ہے،18ویں ترمیم کے بعد بین الصوبائی وزارت کھیلوں کے بارے میں کسی بھی فیصلے کے لئے صوبوں سے مشاورت کی پابند ہے مگر صوبائی وزارت کھیل کی عدم دل چسپی کی وجہ سے بین الصوبائی وزارت کی اسپورٹس کور آرڈینشن کمیٹی کا اجلاس ایک ماہ سے زیادہ عرصہ گذرنے کے باوجود تاحال نہ ہوسکا ہے،بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت کا کہنا ہے کہ صوبے اس حوالے سےنہیں کررہے ہیں، کمیٹی میں چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلستان کے وزراء کھیل اور پی ایس بی کے نمائندے شامل ہیں، وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا، جبکہ کے پی کے اور پنجاب کے حکام نے بھی اس بارے میں نہ تو کوئی تجویز دی ہے اور نہ ہی اجلاس میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے،بلوچستان کے وزیر کھیل نے کورونا کا شکار ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا جواب دیا تاہم انہوں نے اپنے کسی نمائندے کی نمائندی کے بارے میں بھی آگاہ نہیں کیا، واضح رہے کہ ملک میں اس وبا کی وجہ سے ساڑھے تین ماہ سے کھیلوں کی سر گرمیاں معطل ہیں جبکہ دنیا بھر میں ایس او پیز کے تحت کھیلوں کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں۔