سندھ گیمز، صوبائی اولمپکس ایسوسی ایشن کے خلاف مقدمہ

July 12, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ گیمز کا لفظ استعمال کرنے پرپولیس نے سندھ اولمپک ایسوی ایشن کے سیکرٹری جنرل احمد علی راجپوت اورصوبائی حکومت کے ڈائریکٹراسپورٹس محمد اسلم کھوسو کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرلیا، جبکہ احمد علی راجپوت کا کہنا ہے سندھ گیمز صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے وہ جسے ان کھیلوں کے لئے منتخب کرے گی وہی اس کی میزبانی کرے گا،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش خان نے اس مقدمے کی بھر پور مذمت کی ہے،کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پرآرٹلری میدان پولیس اسٹیشن میں 4 جولائی کو درج کی جانے والی ایف آئی آر میں ریٹائرڈ ڈی ایس پی اور پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے مدثر رزاق آرائیں نے موقف اختیار کیا کہ سندھ گیمز ایسوی ایشن کے صدر اور سندھ گیمز کے اونر کی حیثیت سے سندھ گیمز کے نام کا کاپی رائٹ میرے پاس ہے،احمد علی راجپوت نے 7 مارچ کو ڈائریکٹراسپورٹس سندھ کے نام خط میں سندھ گیمز کا لفظ استعمال کیا، پولیس نے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری کو طلب کرکے ابتدائی بیان کے بعد شخصی ضمانت پرگھرجانے کی اجازت دیدی،دریں اثنا رابطے پر پی او اے کے سیکریٹری خالد محمود نے کہا کہ قومی اولمپک ایسوسی ایشن اس واقعہ کی بھر پور مذمت کرتی ہے،معاملہ کا جائزہ لے کر موقف سامنے لائیں گے، دوسری جانب سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرو رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش خان نے کہا کہ احمد علی راجپوت کو تھانے میں بلاکر بیٹھانا سراسر زیادتی کے مترادف اور قابل مذمت ہے، اس واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔