ای خدمت مراکزکے دائرہ کار کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

July 12, 2020

لاہور(خصوصی نمائندہ) چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے ارفع سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک میں قائم ای خدمت مرکز کا دورہ کیا اور فراہم کی جانیوالی سہولیات بالخصوص تعمیراتی شعبے سے متعلق حال ہی میں متعارف کرائی جانیوالی 32نئی خدمات کا جائزہ لیا۔ چیف سیکرٹری نے چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ ای خدمت مراکز کا دائرہ کاربڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے اور اضلاع میں فوری طور پر یہ خدمات ون ونڈ آپریشن کے تحت مینوئل طریقہ کار سے شروع کر دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے اس لئے تعمیرات کیلئے نقشہ جات کی منظوری اور اجازت ناموں کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خود کار نظام کے تحت ٹائم لائن پرہر صو رت عمل کیا جائے ۔چیف سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای خدمت مرکز میں تعمیرات کے شعبے سے متعلق نئی متعارف کرائی جانیوالی 32خدمات سمیت 78خدمات فراہم کی جارہی ہیں جن میں کمرشل اور رہائشی عمارات کی تعمیرکے اجازت نامے، نقشوں کی منظوری، نئی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری، مختلف سرٹیفیکیٹس، فرد ملکیت، ڈومیسائل اور شناختی کارڈ وغیرہ کا اجراء شامل ہیں۔