کورونا صورتحال ‘نوابزادہ سراج کی برسی سادگی سے منائینگے‘جمال رئیسانی

July 12, 2020

کوئٹہ (آئی این پی)نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ اس سال کورونا وائرس کے باعث نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی دوسری برسی انتہائی سادگی سے منائی جائے گی۔ کوئٹہ ، مستونگ اور سبی سمیت تمام علاقوں میں برسی کی مناسبت سے قرآن خوانی ہو گی اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی عمائدین سے ٹیلی فونک بات چیت کر تے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ میر سراج رئیسانی نے بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا اور دشمن قو توں کو پیغام دیا کہ وہ بلوچستان میں کبھی مداخلت نہیں کر سکتیں ،دہشت گردوں نے انہیں اس لئے نشانہ بنایا کہ وہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی چا ہتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ اس سال کورونا کے باعث نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی دوسری برسی سادگی سے منائی جائے گی اور وزیراعلی بلوچستان میر جام کمال سے رابطہ ہوا تو انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر اور خاص کر بلوچستان میں کورونا کے باعث نوابزادہ سراج رئیسانی کی برسی سادگی سے منائی جائے گی تا اہم سلسلے میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں اور ملک بھرمیں تعزیتی تقریبات منعقد ہونگی۔