آبادی میں اضافہ بڑا مسئلہ، وسائل پر توجہ دینا ہوگی، ڈاکٹر فتح برفت

July 12, 2020

حیدرآباد (جنگ نیوز) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ آبادی میں اضافہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، آبادی کے حساب سے تعلیم ، صحت ، روزگار سمیت دیگر بنیادی ضروریات اور وسائل کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر جامعہ سندھ کی جانب سے منعقد ’کووڈ 19کی صورتحال میں خواتین کی صحت اور حقوق کو کیسے محفوظ بنایا جائے‘ کے زیرعنوان ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک کے نامور اسکالرز نے 2017کی مردم شماری کی سیمپل سروے کرانے کی تجویز پیش کر کردی، مقررین نے کہا کہ جامعہ سندھ کی سربراہی میں سروے کروائی جائے۔ ویبی نار میں ملیر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہتاب ایس کریم اور سپریئر یونیورسٹی لاہور کے پرو ریکٹر اور ایچ ای سی، پنجاب کے سابقہ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ویبی نار کے ماڈریٹر سوشیالوجی شعبے کے استاد ڈاکٹر پسند علی کھوسو تھے۔ وائس چانسلر نے معزز اسکالرز کی جانب سے 2017کی مردم شماری کے بارے میں جامعہ سندھ اور دیگر جامعات کے مشترکہ تعاون سے سیمپل سروے کرانے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سندھ اس کے لیے تیار ہے۔ڈاکٹرمہتاب ایس کریم نے کہا کہ آبادی پر سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے ، ہمارے ہاں آبادی کا صحیح اندازہ لگانے کیلئے مردم شماری کا موثر سسٹم موجود نہیں ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے کہا کہ کووڈ 19کی اس صورتحال میں خصوصی طور پر خواتین کی صحت پر نقصاندہ اثرات مرتب ہوئے ہیں، اس صورتحال میں بچوں کی زیادہ پیدائش کے امکانات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔