حکومت صوبوں کو حاصل اختیارات پر دوبارہ قبضہ کرنا چاہتی ہے،سر اج الحق

July 12, 2020

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ یہ حکومت اس قابل نہیں کہ شہادت جیسا عظیم مرتبہ حاصل کرسکے ہم اس کے حق میں نہیں ہیں ۔حکومت صوبوں کو حاصل اختیارات پر دوبارہ قبضہ کرنا چاہتی ہے،حکمران خود چاہتے ہیں کہ کوئی ایسا واقعہ ہوجائے جس کی آڑ میں انہیں فرار کا موقع مل جائے تاکہ آئندہ انتخابات میں یہ دوبارہ قوم کو دھوکہ دے سکیں۔چھ ماہ بعد حکومتی کشتی سے چھلانگیں لگانے والے ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑ دیں گے ۔یہ جعلی حکومت ہے جس کواب بھی انگلی پکڑ کر چلایا جارہا ہے ۔حکمرانوں کو یقین ہے کہ وہ پانچ سال مکمل نہیں کرسکیں گے ،آج پھر وزیراعظم کا بیان آیا ہے کہ ان کے پاس صرف پانچ ماہ ہیں۔حکومت نے اعتراف کرلیا ہے کہ وہ بائیس ماہ میں میٹنگز ،وعدوں اور بریفنگز کے سوا کچھ نہیں کرسکی۔قومی اسمبلی میں عوام کے مفاد میں کوئی قانون سازی نہیں ہوسکی۔