کراچی کے 8 ٹاؤن میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت

July 12, 2020

کراچی کے 8 ٹاؤن میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی کے 8ٹائون میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت ہیں جس کے بعد 154یونین کونسلز میں اسپیشل موبائل ٹیموں کے ذریعے پولیو ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہواجس میں وزیر صحت، وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر کراچی شریک ہوئے۔اس کے علاوہ اجلاس میں سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری تعلیم، سیکریٹری بلدیات، یونیسیف کی شہناز وزیر علی، ڈبلیو ایچ او، روٹیری کے عزیز میمن و دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں رواں سال 58پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سے سندھ میں 20، خیبر پختونخوا میں 21، بلوچستان میں 14، پنجاب میں 3کیسز رپورٹ ہوئے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ابھی بھی کراچی کے 8 ٹائون میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت ہیں اور ان علاقوں میں سہراب گوٹھ، مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ اور صدر ٹائون شامل ہیں۔اس کے علاوہ اس فہرست میں چکورہ نالہ، گلستان ٹائون کا راشد منہاس، بلدیہ میں محمد خان کالونی، بن قاسم ٹائون کا بختاور گوٹھ، سائٹ میں اورنگی نالہ، کورنگی ٹائون میں کورنگی نالہ شامل ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیاقت آباد ٹائون میں حاجی مرید گوٹھ اور صدر ٹائون میں ہجرت کالونی بھی شامل ہیں جبکہ سکھر سٹی، نیو سکھر، جیکب آباد، حیدرآباد، دادو اور قمبر سے بھی پولیو کے نمونے مثبت آئے ہیں۔