ڈیفنس، آغا سراج درانی کا چوکیدار اپنی ہی ایس ایم جی کی گولی لگنے سے ہلاک

July 12, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں آغا سراج درانی کا چوکیدار گھر کے باہر اپنی ہی ایس ایم جی کی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 5خیابان تنظیم میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے چوکیدار کی گولی لگی لاش کو جناح اسپتال لایا گیا جہاں اسکی شناخت 23سالہ رب نواز کے نام سے کی گئی ۔ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق متوفی چوکیدار آغا سراج درانی کے گھر کے باہر بنی چوکی پر تعینات تھا اور ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفی نے ایس ایم جی سے اپنے سینے پر گولی مار کر خودکشی کی ہے،انہوں نے بتایا کہ متوفی کو اپنی ہی ایس ایم جی کی گولی سینے میں لگی ہے، گھر کے ملازمین نے پولیس کو بتایا کہ متوفی نے اس سے قبل کسی بھی قسم کی پریشانی یا ذہنی دباؤ کا ذکر نہیں کیا، متوفی چوکیدار آغا سراج درانی کے گھر پر کافی عرصے سے ملازم اور شکارپور کا رہائشی تھا۔