میر شکیل الرحمان کو سچ لکھنے کی سزا دی جارہی ہے، مقررین

July 12, 2020

میر شکیل الرحمان کو سچ لکھنے کی سزا دی جارہی ہے، مقررین

کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان (اسٹاف رپورٹر، نمائندگان جنگ) نیب کے ہاتھوں جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ہفتہ کےروز بھی لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت کئی چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کو سچ لکھنے کی سزا دی جارہی ہے، لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینئر صحافیوں مقصود بٹ، ظہیر انجم ،خضرحیات گوندل اور جنگ اور جیو گروپ کے کارکنوں و ملازمین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےمقررین نے کہا کہ میر شکیل الرحمان کو سچ لکھنے اور بولنے کی سزا دی جا رہی ہے،راولپنڈی میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی 121روز سے گرفتاری کیخلاف جنگ دفتر کے باہر احتجاج کا سلسلہ جاری رہا،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں شریک رانا غلام قادر اور دیگر میر شکیل الرحمان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا،ملتان میں مظاہرے میں پی یف یو جے اور ملتان یونین آف جرنلسٹس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، مظاہرین نے نیب کی جانب سے جعلی ریفرنس بنانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی،دوسری جانبوزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور راشد حسین ربانی نے کہا ہے کہ میرشکیل الرحمان کی گرفتاری آزادی صحافت کا قتل ہے، پہلے مرحلے میں میرشکیل کو گرفتار کیا گیا اور پھر اس کے بعد ایک نیوز چینل کو بند کرنا یہ سب ایک سلسلے کی کڑی ہے، میرخاندان نے صحافت کے ذریعے ملک کی خدمت کی ہے، حکومت پورے میڈیا کو اپنی گرفت میں لینا چاہتی ہے، جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف کو گرفتار کرکے حکومت میڈیا پر شب خون مار چکی ہے لیکن اس ملک میں جمہوری قوتیں حکومت کو اس کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سندھ کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو بھی پریس کانفرنس کرکے میرشکیل کی گرفتاری کی مذمت کرچکے ہیں۔ پیپلز پارٹی آزاد صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ جنگ اور جیو پاکستان کا ہی نہیں دنیا کا سب سے بڑا اردو میڈیا گروپ ہے، حکومت چاہتی ہے کہ اس پر قبضہ کیا جائے۔