اکبر پورہ روڈ پر حادثات کی روک تھام کیلئےٹریفک پولیس سکواڈ تعینات

July 12, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی) اکبر پورہ روڈ پر بازار میں حادثات کی روک تھام اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے ٹریفک پولیس سکواڈ تعینات کر دیا گیا جس کے بعد ٹریفک پولیس کی طرف سے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے اور تیزی رفتاری اور زیادہ سواریاں بٹھانے والے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔ متحدہ عوامی محاذ اکبر پورہ کے سربراہ و سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ انصاف کمیٹی ضلع نوشہرہ سید سبز علی شاہ، پیپلز پارٹی ضلع نوشہرہ کے جنرل سیکرٹری سید افتخار علی شاہ، اکبر پورہ کے صدر سید جمیل شاہ، جنرل سیکرٹری سید مصنف شاہ، اے این پی کے صوبائی کونسلر حاجی مصری خان، مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر ملک اکرم خان، انجمن تاجران کے صدر صلاح الدین، سابق ناظم سید مکرم شاہ، سابق ناظم جہانزیب خان، سابق نائب ناظم سید وکیل شاہ اور سابق نائب ناظم دوستان خان اکبرپورہ روڈ پرٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے ٹریفک پولیس سکواڈ تعیناتی پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکبر پورہ روڈ پر ٹریفک سکواڈ کی تعیناتی سے ٹریفک نظام بہتر ہو گیا ہے۔