ڈی آئی جی انسپکشن کااڈیالہ جیل کادورہ، قیدیوں سے معلومات لیں

July 12, 2020

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) گریڈ18کے افسراصغرعلی نے سینٹرل جیل اڈیالہ کے سپرنٹنڈنٹ کاچارج سنبھال لیا۔ حکومت پنجاب نے جمعہ کی رات سینٹرل جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ ثاقب نذیرکوتبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے، انہیں اوایس ڈی بنادیاگیاہے۔ ادھرخفیہ ادارے کی رپورٹ پر انکوائری کرنے والے ڈی آئی جی انسپکشن طارق محمودبابر ہفتہ کواچانک اڈیالہ جیل پہنچ گئے جہاں انہوں نے انتہائی مصروف دن گزارا۔ انہوں نے جیل کے مختلف حصوں کادورہ کیا اوراس دوران ڈی آئی جی جیل خانہ راولپنڈی ،سپرنٹنڈنٹ اورڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سمیت اڈیالہ جیل کے کسی افسرکواپنے ہمراہ آنے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے جیل کے دورے کے دوران اسیروں سے بھی بات چیت کی اورجیل کے مختلف افسروں اورعملے بارے انفارمیشن لی بعدازاں انہوں نے نئے تعینات ہونے والے سپرنٹنڈنٹ اوردیگرافسروں سے طویل میٹنگ کی۔ذرائع کاکہناہے کہ ڈی آئی جی انسپکشن کادورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جس کی روشنی میں آئندہ چندروزمیں اڈیالہ جیل میں طویل عرصہ سے تعینات بعض افسروں اوردیگرعملہ کے تبادلے بھی متوقع ہیں جب کہ جیل میں ہونے والی بے قاعدگیوں بارے مبینہ طورپرچشم پوشی کرنے پرڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ملک شوکت فیروزکے کرداربارے بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہانہوں نے ان بے قاعدگیوں بارے ایکشن کیوں نہیں لیا۔ذرائع کاکہناہے کہ طویل مدت سے اڈیالہ جیل میں تعینات افسروں اوراہل کاروں میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹوملک اکرم ،اسیروں کی رہائی کے شعبہ میں تعینات وارڈراظہرکیانی اورتیمورسکندر،ہیڈوارڈرمولابخش ،چکرمنشی رؤف صادق اورمحمدعرفان ،پی پی انچارج اعجاز،وارڈرظفراقبال ،شاہدعمران ،یاسرریاض ،وحیداختر،طاہرمحمود،وقاص وکی پی پی ڈیمانڈ،ایس جی محمدریاض ،ہیڈوارڈرمحمدخان ،ہیڈوارڈرساجدیاسین ،امدادی چکرراشد،محمدعمران ،محمدعامرشامل ہیں۔ملک اکرم کے بارے بتایاجاتاہے کہ وہ گذشتہ 15سال سے اڈیالہ جیل میں تعینات ہیں اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پرترقی کے بعدبھی تبدیل نہیں کیاگیا۔