بیرون ملک منشیات سمگلنگ کے ملزم کو 8 سال قید اور جرمانہ

July 12, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے بیرون ملک منشیات سمگل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے ملزم کو آٹھ سال قید 70ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔ سزا پانے والے ملزم ممتاز محمد کو اے این ایف راولپنڈی نے گزشتہ سال چار اپریل کو چھ کلو 390گرام آئس سعودی عرب لیجانے پر حراست میں لیا تھا ،ملزم نے یہ منشیات اپنے کپڑوں میں جذب کر رکھی تھی لیبارٹری پراسس کے بعد آئس 3165گرام نکلی تھی۔ گزشتہ روز عدالت نے چار گواہ اور ملزم کا آن لائن بیان قلمبند کر کے قید اور جرمانہ کی سزا سنائی۔ دریں اثناء عدالت نے ہیروئن سے بھرے 39کیپسول پیٹ میں ڈال کر سعودی عرب لیجاتے ہوئے گزشتہ سال اکیس ستمبر کو پکڑے جانے والے ملزم شاہد نواب کو عرصہ حوالات کی سزا دی، ادھر عدالت نے منشیات برآمدگی کے دو ملزمان سجاد خان اور افتخار خان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔ اے این ایف نے گزشتہ سال دو اپریل کو ترکی ٹال پلازہ سے ملزمان کو گرفتار کر کے 1200گرام چرس برآمد ہونے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔