بیلجیئم میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا

July 12, 2020

بیلجیئم میں کورونا کے پھیلاؤ میں معمولی اضافے کے ساتھ ہی ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا، دکانوں، بینک اور سینما میں داخل ہونے کیلئے ہر شخص کو ماسک لازمی پہننا ہوگا۔

ماہرین لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد سے عوامی رویے پر مسلسل خبردار کرتے چلے آرہے ہیں لیکن معاشی صورتحال اس بات کا تقاضہ کر رہی تھی کہ معمول کی زندگی بحال ہو۔

دوسری جانب یہ بات بھی درست ہے کہ باقاعدہ علاج کی غیر موجودگی میں لاک ڈاؤن کے نتیجے میں ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوئی ۔

ماہرین کے مطابق اس سے عوام میں یہ خیال پیدا ہوا کہ یہ وبا ختم ہو چکی ہے جس پر ماہرین کی رائے کو فوقیت دیتے ہوئے حکومت نے پبلک مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا اور اس کا11 جولائی سے فوری طور پر اطلاق کردیا۔

نئے قانون کے تحت اب کوئی بھی شخص ماسک کے بغیر دکان، بینک، مسجد، سنیما اور لوگوں کے اکٹھے ہونے کے دیگر مقامات میں داخل نہیں ہو سکے گا، پبلک ٹرانسپورٹ میں یہ پابندی پہلے ہی سے عائد ہے ۔

بیلجیئم کی فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق بیلجیئم میں روزانہ کی بنیاد پر 87 اعشاریہ نو فیصد کورونا پازیٹیو سامنے آرہے ہیں جو کہ گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے ۔

یاد رہے کہ فیڈرل ہیلتھ منسٹری اب روزانہ کی بجائے ہفتہ وار نئے اعداد و شمار جاری کرتی ہے۔ منسٹری کے مطابق اس وقت روزانہ 10 اعشاریہ ایک فیصد کورونا مریض اسپتال آرہے ہیں ۔

168 کورونا مریضوں کو گذشتہ ہفتے میں ہسپتال داخل کیا گیا جس میں سے 32 انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں داخل ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث روزانہ ہلاکتوں کی تعداد کم ہو کر اس وقت 2.4 فیصد پر آگئی ہے جو کہ اس سے ایک ہفتہ قبل 4 اعشاریہ سات فیصد روزانہ تھی۔

مجموعی تعداد کے لحاظ سے اگر دیکھا جائے تو بیلجیئم میں کورونا کے آغاز سے لیکر ابتک 62 ہزار 606 افراد متاثر ہوئے، جن میں اس وباء سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 782 ہے۔