انسانی حقوق کے مسئلے پر فواد چوہدری نے خواجہ آصف کی حمایت کردی

July 12, 2020

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کے بیان کی حمایت کردی۔

اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کیا۔

اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، خواجہ آصف نے کہا ’پاکستان کے آئین میں تمام مذاہب کو برابر کی آزادیاں ہیں‘، ان کی یہ بات بالکل درست ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس بات کو لے کر خواجہ آصف کے خلاف فتویٰ بازی کرنے والے نریندر مودی اور بھارتی شدت پسندوں کی سوچ کے حامل لوگ ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ایسی سوچ کو یکسر مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری اور خواجہ آصف کے درمیان کئی مرتبہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سخت جملوں کا بھی تبادلہ دیکھنے میں آتا ہے۔