میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج

July 12, 2020


جنگ گروپ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی کیمپ میں جنگ ،جیو اور دی نیوز کے کارکنوں اور سینئیر صحافیوں کے ساتھ جنگ ورکرز یونین کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

سینئیر صحافی مقصود بٹ، ظہیر انجم، محمد فاروق اور دیگر صحافیوں کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت صحت مند معاشرے کی عکاس ہوتی ہے، میرشکیل الرحمٰن کو پابند سلاسل رکھنا اظہار رائے کو قید کرنے کے مترادف ہے ،میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔

کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ جنگ بلڈنگ کے سامنے کیا گیا، مظاہرے میں روزنامہ جنگ اور جیونیوز کے کارکنوں نے شرکت کی۔

شرکاء نے نیب کیس میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو بلا جواز قراردیا، ادارے کے کارکنان نے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کیا جائے ۔

بہاولپور میں صحافیوں کی علامتی بھوک ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، سینئیر صحافی امین عباسی، راشد ہاشمی، آصف کبیر، اطہر لاشاری، امین باسط اور دیگر صحافیوں نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

جعفرآباد میں نیشنل پریس کلب کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں سول سوسائٹی کے لوگوں کے ساتھ لوک فنکار واسو خان نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے میر شکیل الرحمٰن کو غیرقانونی طورپرقید رکھا ہوا ہے۔

لوک فنکار واسو خان نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرے۔