ساؤتھمپٹن: کالی آندھی نے انگلش کیمپ میں تباہی مچادی، ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلی فتح

July 13, 2020

سائوتھمپٹن: کالی آندھی نے انگلش کیمپ میں تباہی مچادی

سائوتھمپٹن (جنگ نیوز) ویسٹ انڈیز نے کوویڈ پالیسی کے تحت ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں میزبان انگلینڈ کو حیران کن طور پر چار وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ کالی آندھی نے انگلش کیمپ میں تباہی مچادی۔ جرمین بلیک ووڈ پانچ رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے لیکن ان کی ذمے دارانہ اننگز نےجیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔انگلش ٹیم مسلسل پانچویں سیریز کا پہلا میچ ہارگئی ۔گذشتہ سال ویسٹ انڈیز میں بھی اسے پہلے ٹیسٹ اور سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اتوار کو ایجز بائول میں انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں318رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے دو سو رنز کا ہدف ملا جو اس نے چھ وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔بلیک ووڈ نے بارہ چوکوں کی مدد سے 95رنز بنائے انہوں نے مشکل صورتحال میں154گیندوں کا سامنا کیا۔کپتان جیسن ہولڈر14اورجان کیمبل8رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔روسٹن چیز نے37اور ڈاروچ نے بیس رنز بنائے۔27رنز پر تین وکٹ گرنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے شاندار انداز میں ہدف کا تعاقب کیا۔ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ویسٹ انڈیز نے پہلی بار پوائنٹس ٹیبل پر اپنا نام لکھوایا۔انگلش فیلڈروں نے دوسری اننگز میں خراب فیلڈنگ کی۔انگلینڈ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے شنین گیبریل نےپانچ، روسٹن چیز اور جوزف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ایک وکٹ ہولڈر کو ملی۔مین آف دی میچ شینن گیبریل نے میچ میں نووکٹیں حاصل کیں۔کھیل کے آخری روز انگلش بولنگ اٹیک اپنی ہی وکٹوں پر ایک فائٹنگ ٹوٹل 200رنزکی جنگ میں بری طرح ناکا م رہا۔کیریبین ٹیم ٹیسٹ میچ میں 200یا اس سے کم کے ہدف کے تعاقب میں کبھی ناکام نہیں ہوئی ہے۔ فاتح ٹیم کی ابتدائی تین وکٹیں 27رنزپر گرنے کے بعد ہوم سائیڈ میں جوش پیدا ہوگیا تھا لیکن جرمین بلیک ووڈ اور روسٹن چیز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے انگلش امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ قبل ازیں انگلینڈ نے آخری 2 وکٹ پر 29رنزکا اضافہ کیا اور ٹیم 313رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ جوفرا آرچر نے 23 رنز اسکور کیے۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو 200رنز کا ہدف ملا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل نے75رنزدیکر 5وکٹیں حاصل کیں۔