کورونا سے گردے، جگر، دل، اعصابی نظام بھی متاثر ہوتا ہے، ڈاکٹرز

July 13, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) کوڈ 19 مریضوں کے بارے میں رپورٹوں کے جائزے میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ناصرف پھیپھڑوں کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ گردوں، جگر، دل، دماغ اور اعصابی نظام، جلد اور معدے کی نالی کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ موسم بہار میں مریضوں سے بھر جانے والے اسپتالوں میں سے ایک نیویارک شہر میں کولیبیا یونیورسٹی ارونگ میڈیکل سینٹر کی ٹیم نے اپنے تجربات کئے اور پوری دنیا کی دیگر میڈیکل ٹیموں سے رپورٹیں اکٹھی کیں۔ ان کی جامع تصویر سے پتہ چلتا ہے کہ انسانی جسم میں واقع ہر بڑے نظام پر کورونا وائرس کے حملے ہوتے ہیں جو اعضاء کو براہ راست نقصان پہنچا تا ہے اور خون جمنے کا سبب بنتا ہے، دل اپنی صحت مند تال کو کھونے لگتا ہے، گردوں سے خون اور پروٹین بہتے ہیں اور جلد میں خارش ہونے لگتی ہے۔ اس سے سر درد ، چکر آنا ، پٹھوں میں درد ، پیٹ میں درد اور سانس کی علامات جیسے کھانسی اور بخار جیسی دیگر علامات ہوتی ہیں۔ جائزے پر کام کرنے والی کولمبیا میں کارڈیالوجی فیلو ڈاکٹر آکرتی گپتا کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ معالجین کو کووڈ 19 کو ملٹی سسٹم بیماری کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خون جمنے کے بارے میں بہت سی خبریں ہیں لیکن یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ان مریضوں کا کافی تناسب گردے ، دل اور دماغ کے نقصان میں مبتلا ہوجاتا ہے اور معالجین کو سانس کی بیماری کے ساتھ ساتھ ان کیفیات کا علاج کرنے کی بھی ضرورت ہے۔