ملک کوپٹری پرلانے کیلئے15سالہ روڈمیپ کی ضرورت ہے، تجزیہ کار

July 13, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں ایک صفحہ پر بھی ہوں تو تب بھی کچھ نہیں کیونکہ یہ صفحہ گلاسڑا ہے، حکومت کو پورا وقت دیں تاکہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی حسرت پوری ہوجائے،حسن نثار نے کہا کہ سپریم کورٹ کا 120نئی احتساب عدالتیں بنانے کا حکم دور کی منزل کی طرف ایک چھوٹا سا قدم ہے۔

اس ملک کو صحیح پٹری پر لانے کیلئے پندرہ سال کے روڈ میپ کی ضرورت ہے، وہ جیوکے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔حسن نثار نے کہاکہ وزیراعظم نے وزراء کوکہا ہے کہ کارکردگی دکھاؤورنہ گھر جاؤ، اگر یہی کچھ کسی نے پی ٹی آئی کو کہہ دیا کہ کارکردگی دکھاؤورنہ گھر جاؤپھر کیا بنے گا،یہ ملک ایسی ساری ہدایات،دھمکیوں اورمشوروں سے بہت آگے نکل چکا ہے۔

تمام سیاسی جغادریوں کو کم سے کم متفقہ ایجنڈے پر ایک جگہ بٹھائیں، ایک حکومت کو گھر بھیج کر دوسری کو لانا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ حسن نثار کاکہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنے ایک وزیراجمل وزیر کو کرپشن پر فارغ کردیا مگر وہ ڈھیٹوں کی طرح عجیب و غریب وضاحتیں د ے رہا ہے۔

تمام اپوزیشن جماعتیں ایک صفحہ پر بھی ہوں تو تب بھی کچھ نہیں کرسکتیں کیونکہ یہ صفحہ گلاسڑا ہے، بیلٹ باکس ہم جیسے لوگوں کی اجتماعی قبر ہے یہ جمہوریت نہیں ہے، آپ نے یہ کھیل رچایا ہوا ہے تو اسے قائم رکھیں۔

پانچ سال طے کرلیا ہے تو اب اس حکومت کو بھگتیں ، اگر انہیں بیچ میں ہٹادیا گیا توان کا دعویٰ ہوگا کہ ہم آخری سال میں بڑی توپیں چلالیتے، انہیں پورا وقت دیں تاکہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی حسرت پوری ہوجائے۔