چار ماہ سے بند متعددجامعات کی انتظامیہ نے آئندہ سمسٹر کی فیس وصولی یقینی بنانے کیلئے آن لائن کلاسز اور امتحانات لینا شروع کر دیئے

July 13, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سرکاری اور نجی جامعات میں زیرتعلیم بچوں کے والدین نے وزیراعظم عمران خان اور وزیرتعلیم شفقت محمود سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ چار ماہ سے بند یونیورسٹیوں کو آئندہ سمسٹر کی فیس وصول کرنے سے روکا جائے یا کم از کم 50فیصد رعائت دلائی جائے کیونکہ بعض جامعات کی انتظامیہ نے آئندہ سمسٹر فیس کی وصولی کو جائز اور یقینی بنانے کیلئے آن لائن کلاسز اور امتحانات لینا شروع کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز مقیم ہر بچے کے پاس ضرورت کے مطابق انٹر نیٹ کی سہولت میسر نہیں اور شدید گرمی کے باعث بار بار بجلی کے آنے جانے سے بھی طالبعلموں کیلئے آن لائن کلاس لینا یا امتحان دینا انتہائی مشکل ہے ۔والدین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث نوکریوں سمیت کاروبار کی صورتحال پہلے جیسی نہیں رہی جس کی وجہ سے گھروں کے کرائے، یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی اور بنیادی ضرورتوں کا پورا ہونا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بھاری فیس کی ادائیگی بظاہر ناممکن ہے جبکہ ان فیسوں پر ٹیکس وصولی اس سے بھی بڑھ کر زیادتی ہے لہذا آئندہ سمسٹر کی فیس معاف یا کم از کم اسے نصف کر دیا جائے۔