غیر قانونی احتجاج اور جلسے بند ہونے چاہئیں‘ پمز انتظامیہ

July 13, 2020

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پمز انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی، غیر اخلاقی احتجاج اور جلسے بند ہونے چاہئیں۔ زبانی وارننگ میں پمز کے احتجاجی ملازمین پر واضح کیا گیا ہے کہ انتہائی آفت زدہ حالات میں جبکہ ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا جیسے مہلک مرض سے نبرد آزما ہیں، گنتی کے چند عناصر ادارے کی بدنامی اور تباہ حالی کا باعث بنتے جا رہے ہیں۔ پمز انتظامیہ کے مطابق ہر ملازم کا مقصد صرف دکھی انسانیت کی خدمت اور بیمار لوگوں کی نگہداشت ہے۔ ایک طرف کورونا جیسے وبائی امراض سے عوام موت کا شکار ہو رہے ہیں اور پوری قوم ہیلتھ ورکرز کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے‘ جبکہ دوسری طرف چند عناصر ادارے کو اور اس مقدس پیشے کو بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ پمز انتظامیہ جہاں کورونا کے مریضوں کی نگہداشت میں اپنی تمام کوششیں بروئے کار لا رہی ہے وہاں کچھ عناصر کی شہہ پر یہ لوگ بدنظمی پھیلانے میں مصروف ہیں جس سے تین ہزار سے زائد وہ ملازمین بے چینی کا شکار ہو رہے ہیں جو اپنی ڈیوٹی انتہائی دلجمعی سے انجام دے رہے ہیں۔ پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ادارے کی ساکھ بحال کرنے میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو جلد بے نقاب کیا جائیگا۔ احتجاج کرنے والے ملازمین اپنے مریضوں کا خیال رکھنے کی بجائے سیاست کرنے میں مصروف عمل ہیں‘ ایسے نامناسب رویئے کو کسی طور سپورٹ نہیں کیا جا سکتا۔ انتظامیہ نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہ بڑھانے اور تمام بقایا جات دلوانے کے امور میں وزارت صحت انتہائی دلچسپی سے معاملات طے کر رہی ہے۔ اس کیلئے افراتفری اور بلاجواز شور شرابہ بے سود ہے۔ انہوں نے پمز سٹاف سے گزارش کی کہ اس مشکل وقت میں اپنے مقدس پیشے کی لاج رکھیں اور اپنے عظیم ملک کے نام سے وابستہ اپنے ادارے کو ملک کا عظیم ادارہ بنانے کیلئے رات دن کوشاں وزارت صحت اور ہسپتال انتظامیہ کا ساتھ دیں۔