جعلی ڈومیسائل منسوخ اور ملوث کرداروں کوبے نقاب کیا جائے‘بی این پی

July 13, 2020

کوئٹہ( آن لائن )بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نےکہاہے کہ بلوچستان کے ساحل ووسائل ،قدرتی معدنیات اور دیگر حقوق کو جس طرح مال غنیمت سمجھ کر بے دردی سے لوٹا گیا جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اسی طرح کئی دہائیوں سے وفاقی وصوبائی محکموں میں ملازمتوں پر جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بھرتیاں کرکے مقامی نوجوانوں کوروزگار سے محروم اوران کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا لہٰذا آزاد عدالتی کمیشن تشکیل دیکر جعلی ڈومیسائل کے معاملے کی انکوائری کرائی جائے، اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ سردار اختر مینگل نے جب وہ بلوچستان اسمبلی کے رکن تھے اس مسئلے کو اسمبلی فلور پر اٹھایاتھا اوراس کے بعد وفاق کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں بھی ہم نے بلوچستان کے 6فیصد کوٹے پر عملدرآمد کی شرط رکھی کہ اس کوٹے پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں ۔بی این پی صوبے اور مرکز میں بلوچستان کی سب سے بڑی قوم وطن دوست سیاسی وجمہوری جماعت ہے جس نے یہاں کے مسائل کو مختلف فورم پر اٹھایا اور ایوان بالا تک پہنچایا جعلی ڈومیسائل کے مسئلے کو انجام تک پہنچانے کیلئے ہرممکن جدوجہد کرینگے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوری طورپر جعلی ڈومیسائل کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں اور جن کی سرپرستی میں مکروہ عمل کیاگیاان کے خلاف کارروائی کرکے فوری طورپر جعلی ڈومیسائل منسوخ کرکے اس میں ملوث تمام مہروں کو عوام کے سامنے لایاجائے۔