شہداء کی قربانیوں کا مقصد پشتونوں کیخلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا ہے ،پشتون ایس ایف

July 13, 2020

کوئٹہ (آئی این پی) پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین عالمگیر خان مندوخیل، جنرل سیکرٹری مزمل کاکڑ اور ممبر معصوم خان میرزئی نے قاسم خان شہید کی برسی پربیان میں کہا ہے کے اگر کسی کو باچا خان کی تحریک اور اس کے تسلسل کی اصل تصویر دیکھنی ہو تو وہ قاسم خان شہید سمیت ان ہزاروں شہدا کی تاریخ کا مطالعہ کرے جو سو سال سے پشتون قوم کی بقا اور اس کی ارتقا کی جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے آرہے ہیں۔ بابڑہ کے شہیدوں سے لے کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پشتونوں کی خاطر قربان ہونے والے قاسم شہید اور باقی شہدا کی قربانی کا مقصد پشتون قوم کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا اور ان کے خلاف مزاحمت کرنا تھا۔ تاریخ گواہ ہے کہ باچا خان کے پیروکاروں نے پشتون وطن کی خوش حالی اور اس کی خودمختاری کے لیے مختلف ادوار میں آمروں اور شدت پسندوں کا مقابلہ کیا۔درایں اثنا آج پشتون ایس ایف کے مرکزی چیئرمین حق نواز خٹک کی ہدایت پر صوبے کے مختلف اضلاع میں سٹوڈنٹ یونینز کی بحالی، موجودہ سنگین معاشی بحران میں طلبا کی فیسیں ختم کرنا اور آن لائن کلاسز کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیںگے۔