قباِئلی علاقوں میں معدنی کانوں تک رسائی کیلئے سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ

July 13, 2020

پشاور (وقائع نگار )ٹرائبل ڈسٹرکٹ منرلز یونین نے خیبر پختونخوا اوروفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی اضلاع میں معدنی کانوں تک رسائی کیلئے سڑکوں کی تعمیر کرکے ماربل کارخانوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں جبکہ نکاس آب کا مسئلہ بھی فوری بنیادوں پر حل کیا جائے اس سلسلے میں یونین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یونین کے مرکزی صدر لقمان آفریدی ،سینئر نائب صدر بخت اللہ وزیر ،جنرل سیکرٹری عبداللہ مہمند اور فنانس سیکرٹری جمیل مہمند نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں مہمند یونٹ کیلئے کابینہ بھی تشکیل دی گئی جس کے مطابق ہدایت اللہ مہمند کو صدر ، ڈاکٹر طاہرسینئر نائب صدر،جہانگیرخان نائب صدر، پروفیسر سیار جنرل سیکرٹری ،میاں جمال شاہ فنانس سیکرٹری ، طارق مہمند کوسیکرٹری اطلاعات ، لائق خان سیکرٹری کوآرڈ ینیشن ، عبد المتین آفس سیکرٹری اور محمد اسلام کو جائنٹ سیکرٹری چن لیا گیا شرکاءنے کہاکہ قبائلی اضلاع میں ماربل، جپسم، کوئلہ ، گرینائیٹ ، کرومائیٹ اور دیگر لاتعداد معدنی وسائل موجود ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ان معدنیات کو نکالنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی تعاون نہیں کیا جارہا معدنی کانوں اور ماربل کارخانوں تک سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے مالکان مشکلات کاشکار ہیں جبکہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پرچاوی ، ملاگوری ، پیربالا اور سبحان خوڑ سمیت دیگر علاقوں میں کارخانے بند رہتے ہیں جس سے ان کاروزگار سمیت مزدور طبقہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے نکاس آب کا صحیح نظام نہ ہونے کی وجہ سے کارخانوں کا سفید پانی علاقے میں کھڑا رہتا ہے جس کے لئے نالہ کی تعمیر ضروری ہے اسی طرح انتظامیہ اب بھی غیر قانونی طریقے سے قبائلی اضلاع میں معدنیات کے روزگار سے وابستہ افراد سے ٹیکسز لے رہی ہے جس پر حکومت نوٹس لیں ۔