ایڈہاک ڈاکٹروں کی تنخواہ عید سے پہلے جاری کی جائے، پی ڈی اے

July 13, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے کورونا وائرس کے خلاف ڈاکٹروں اور طبی عملے کے کردار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عید سے پہلے ایڈہاک ڈاکٹروں کی چار مہینوں کی تنخواہیں جاری کی جائیں، ایسوسی ایشن نےایڈہاک ڈاکٹرز ایکشن کمیٹی کے ساتھ ڈاکٹروں کی مستقلی کے لئے آج سے تحریک شروع کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔یہ مطالبہ اور اعلان پی ڈی اے کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس میں ایڈہاک ڈاکٹروں کو درپیش مسائل پر بحث کی گئی، اجلاس میں تمام اضلاع سے ایڈہاک ڈاکٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر ایڈہاک ڈاکٹر فیصل قریشی شہید سمیت کورونا سے انتقال کرنے ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ ملازمین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی، تمام ایڈہاک ڈاکٹرز کے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن کردار سراہا گیا اورمطالبہ کیا گیا کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے تمام ایڈہاک ڈاکٹرز کو مستقل کیا جائے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایڈہاک ڈاکٹرز کی مستقلی کیلئے تمام قانونی اور آینی طریقے اپنائے جائیں گے ، صوبائی حکومت ڈاکٹرز اور ڈینٹل سرجنز کی کمی دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں مزید بھرتی کرے۔