امریکا میں مقیم پرنس ہیری مالی مشکلات کا شکار

July 13, 2020

برطانوی شاہی خاندان کے ڈیوک آف سسیکس پرنس ہیری سے متعلق انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا میں منتقلی کے بعد سے وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں ۔

خود مختار اور آزاد زندگی گزارنے کی خواہش لے کر شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے والے پرنس ہیری اپنی اہلیہ سابق امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے ساتھ امریکا میں منتقل ہو گئے تھے، امریکا منتقلی کے بعد سے پرنس ہیری شدید مالی مشکلات سے دو چار ہیں ۔

گذشتہ دنوں شاہی خاندان کی ترجمان کیٹی نکول کی جانب سےانکشاف کیا گیا تھا کہ پرنس ہیری اور میگھن مرکل برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی کے باوجود تاحال مالی طور پر پرنس چالس پر انحصار کر رہے ہیں۔

حال ہی میں شاہی مصنف ٹام کوئن کی جانب سے پرنس ہیری پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’پرنس ہیری اب امریکا میں اپنے مستقبل کے لیے کیا کریں گے جبکہ ہیری ایک فوڈ کمپنی تک میں تو نوکری حاصل کر نہیں سکتے ہیں ۔‘

شاہی مصنف ٹام کوئن کا پرنس ہیری کے امریکا میں منتقل ہونے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’ ہیری کا کیا کردار رہ گیا ہے، وہ روزانہ اپنے پالتو کتے کے ساتھ چہل قدمی کے لیے نہیں جا سکتے اور نہ ہی کسی فوڈ کمپنی یا بینک میں نوکری حاصل کر سکتے ہیں، نہیں معلوم وہ کیا کرنے جا رہے ہیں۔‘

ٹام کوئن نے مزید کہا ہے کہ ’وہ یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ ہیری امریکا میں رہنے سے نفرت کرتے ہیں مگر وہ اس وقت امریکا میں ہی ہیں، جیسا میگھن مرکل برطانیہ میں رہنا محسوس کر رہی تھیں اب پرنس ہیری خود کو امریکا میں ویسا ہی محسوس کر رہے ہیں۔‘