عمر اکمل کی اپیل پر سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

July 13, 2020

ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کی تین سالہ پابندی کے خلاف اپیل کی سماعت میں بحث مکمل ہو گئی، آزاد ایڈ جیوڈیکٹر جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھرنے بطور انڈیپینڈنٹ ایڈ جیوڈیکٹر عمر اکمل کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہونے والی سماعت میں فریقین کے دلائل سنے، اپیل کی سماعت 3 گھنٹے جاری رہی۔

واضح رہے کہ 27 اپریل کو جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے بطور چیئرمین ڈسپلنری پینل دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 2.4.4 کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 3 سال کی پابندی عائدکی تھی۔

عمر اکمل نے اپنے خلاف پابندی کو چیلنج کیا ہوا ہے، ان کے وکیل طیب رضوی کا کہنا ہے کہ میرے کلائنٹ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ۔