امیتابھ سے کانیکا تک کورونا کے شکار بالی ووڈ ستارے

July 13, 2020

بھارت میں جہاں کورونا وائرس عام لوگوں کو تیزی سے متاثر کر رہا ہے، وہیں بالی ووڈ شخصیات بھی تیزی سے اس کا شکار ہورہی ہیں۔

لیجنڈری امیتابھ بچن سے لے کر اداکارہ کانیکا کپور تک کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب یہ اطلاعات بھی آئیں تھیں کہ اسٹاف ممبر کا کورونا ٹیسٹ میں مثبت آنے کے بعد اداکارہ ریکھا نے بھی خود کا کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حال ہی میں لیجنڈی اداکار امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس حوالے سے انھوں نے سوشل میڈیا پر بتایا۔

اپنے پیغام میں انھوں نے اپنے قریب رہنے والوں سے درخواست کی کہ وہ بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں۔

امیتابھ بچن کے کورونا ٹیسٹ کو 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ ان کے بیٹے اور نامور اداکار ابھیشیک بچن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

ابھیشیک نے بھی اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ والد کی طرح ان کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اور ان کے والد کو اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے۔

ابھیشیک بچن نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی کورونا مثبت آنے کی خبر سننے کے بعد کسی بھی طرح کی گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں۔

اداکار ابھیشیک بچن کی اطلاع کے فوراً بعد ہی بچن خاندان کے مزید افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آئی۔

اس مرتبہ کورونا مثبت آنے والوں میں ابھیشیک کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی آرادھیا بچن تھیں۔

اس حوالے سے اپنے پیغام میں ابھیشیک بچن نے تصدیق کی کہ ان کی اہلیہ اور بیٹی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دونوں نے خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کر لیا ہے۔

دوسری جانب امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوا تھا لیکن وہ اس سے مکمل طور پر محفوظ رہی تھیں۔

بولی ووڈ کے نامور اداکار انوپم کھیر نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انھوں نے بتایا کہ وہ کورونا کا شکار نہیں ہوئے، لیکن دوسری جانب انھوں نے یہ خبر بھی سنا ڈالی کہ ان کے بھائی اور والدہ کورونا کے شکار ہوگئے ہیں۔

انوپم کھیر کی والدہ دلاری اور بھائی راجو کھیر اس کا شکار ہوچکے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کو کوکیلا بین اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے۔

فلم خدا گواہ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار کرن کمار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ انہیں کوئی پریشانی تو لاحق نہیں ہوئی لیکن پھر بھی انھوں نے کورونا ٹیسٹ کروالیا تھا۔

کرن کمار کا کہنا تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر ہی میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

بھارتی فلم پروڈیوسر کریم مورانی ان کی بیٹی زاؤ مورانی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔

اس حوالے سے ماڈل زاؤ مورانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس کی تفصیل بتائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کریم مورانی اور بھی شیزہ مورانی بھی اس وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔

اس خاندان کی زاؤ مورانی کورونا سے صحتیاب بھی ہوگئی ہیں جبکہ انھوں نے دیگر مریضوں کے لیے اپنا پلازما بھی دیدیا ہے۔

بےبی ڈول سنگر کانیکا کپور بھی کورونا مثبت آنے والے ستاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

وہ لندن سے بھارت پہنچی تھیں جس کے بعد انھوں نے یو پی میں ایک تقریب میں شرکت کی تھی۔

لکھنو کی پولیس نے سماجی تقریبات میں شرکت کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا تھا۔

تاہم اب وہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکی ہیں اور اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔