مشتبہ دہشت گردوں سے تحقیقات کیلئے پولیس کو مزید وقت مل گیا

July 14, 2020

لندن (پی اے) مشتبہ اسلامک دہشت گردی کی سازش کے سلسلہ میں گرفتار تین مردوں اور ایک17 سالہ لڑکے سے تحقیقات کے لئے کائونٹر ٹیرارزم پولیس کو مزید وقت دے دیا گیا۔گزشتہ روز لندن اورلنکاشائر میں تین مقامات پر اچانک چھاپوں کے دوران ایک 27 سالہ مرد کو پولیس کے کتے نے کاٹ لیا تھا۔مشتبہ شخص ایسٹ لندن میں ایک ایڈریس سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ایک 17 سالہ لڑکے اور 31 سالہ مرد کو قریبی پراپرٹی سے حراست میں لیا گیااور ایک 32 سالہ شخص کو لنکاشائر سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دارلحکومت میں دو مقامات پر چھاپوں کے دوران کوئی گولی نہیں چلائی گئی تاہم 27 سالہ مرد کے پائوں پر ان کے تربیت یافتہ کتے نے کاٹ لیا۔ فورس نے مزید بتایا ہے کہ اسے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ انجریز سے صحت یاب ہو رہا ہے۔ چاروں افراد کو ٹیرارزم ایکٹ 2000 کی شق 41 کے تحت دہشت گردی کے عمل کیلئے جمع ہونے ، تیاری اور ترغیب دینے کے شبہات پر گرفتار کیا گیا ہے۔دیگر تین افراد پولیس کی حراست میں ہیں جبکہ افسران متعدد مقامات پر تلاشی لے رہے ہیں۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے جمعہ کو بتایا تھا کہ چار افراد کو اگلے ہفتے تک مزید حراست میں رکھ کر تحقیقات کے لئے وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔ اس نے مزید بتایا کہ افسران اب تک ایسٹ اور سائوتھ لندن میں چار مقامات کی تلاشی لے رہے ہیں۔میٹ نے مزید بتایا لنکاشائر میں ایک مقام پر تلاشی کا عمل مکمل کر لیا گیامگر ایک دوسری پراپرٹی پر تلاشی جاری ہے۔