پاکستان میں عوام مسائل کا شکار ہیں،ناصر عباس تارڑ

July 14, 2020

کوونٹری (نمائندہ جنگ ) اپنے حصے کی شمع جلاتے جائیں کے خالق اور معروف سماجی تنظیم پبلک ایڈ کے بانی و سابق چیئرمین یونین کونسل ناصر عباس تارڑ یورپ اور برطانیہ کے دورے پر پہنچ گئے۔جنگ سے گفتگوکرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات حوصلہ افزاء نہیں ، ابھی تک نہ کوئی ترقی نظر آرہی ہے اور نہ ہی احتساب کا نتیجہ سامنے آیا، عوام مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں، علاج ،انصاف ،روٹی، کپڑا، مکان تعلیم ایک خواب بن گیا ہے ۔حکومت کسی کی مدد کو تیار نہیں اور نہ ہی اوورسیز پاکستانیوں کی کوئی داد رسی کی جارہی ہے، سب سے بڑا ظلمقومی ائر لائن پر ہوا، حکومت نے جعلی پائلٹس کی رپورٹ دے کر ادارے کا وقار تباہ کردیا ۔ ناصر تارڑ نے کہا کہ ان حالات میں ہر شخص کو اپنے حصے کی شمع روشن کرنی ہے اب وقت ہے کہ پاکستان کی عزت و وقار کے لیے کھڑے ہو جائیں ،اپنوں کا ہاتھ تھام لیں، پاکستان میں تعلیم، صحت گھر گھر پہنچانے کے اقدامات کریں ،عورتوں کو تعلیم دیں ایک عورت ایک ماں ہی تعلیم حاصل کر کے اپنے بچے کو تعلیم کی طرف راغب کرے گی ایک خوشحال پاکستان بنانے کے لیے ہمیں تعلیم کی طرف توجہ دینا ہو گی اس کے لیے پبلک ایڈ پاکستان دیہاتوں میں کام کر رہی ہی، پبلک ایڈ نے عوام کو سستی روٹی دینے کا آغاز کر رکھا ہے، بچوں اور عورتوں کی تعلیم کا آغاز ہو چکا ہے میگا میڈیکل کیمپ کا آغاز بھی پاکستان کے مختلف شہروں میں کیا جاتا ہے جسں سے اوورسیز پاکستانی بھی مستفید ہوتے ہیں، انھوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہمیں ایک پڑھے لکھے پاکستان کی بنیاد رکھنی ہے جس کے لیے ذہین بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی ، غریب بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنا اور ان کی مالی مدد کرنا ضروری ہے، ناصر تارڑ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ منڈی بہاالدین اور چوٹ دھیراں کے عوام میں خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے، اسی طرح دیگر علاقوں میں بھی اسکول، اسپتال ،ڈسپنسری اور سستی روٹی کا آغاز کیا جانا چاہئے۔ انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ یورپ برطانیہ کی مقامی سیاست میں بھرپور کردار ادا کریں اورپاکستان کا نام بلند کریں۔