پنجاب بھر کے سینما مالکان کیلئے ایک سال کا ٹیکس معاف

July 14, 2020

لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب بھر کے سینما مالکان کے لیے صوبائی حکومت نے ایک سال کے لیے ٹیکس معافی کا اعلان کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ ایکسائز پنجاب نے انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں ایک سال کے لیَے ٹیکس کی چھوٹ دے دی ہے۔ایکسائز پنجاب کی جانب سے جاری ٹیکس چھوٹ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی 2020 سے 30 جون 2021 تک ٹیکس کی چھوٹ دیگئی ہے.نوٹیفکیشن کے مطابق نئے بننے والے سینما گھروںکیلئے پانچ سال تک ٹیکس کی چھوٹ ہوگی۔خیال رہے کہ 20 جون کو سینما انڈسٹری سے منسلک افراد نے نئے مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں سینما گھروں سے تفریحی ٹیکس ختم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا تھا۔نئے مالی سال میں پنجاب حکومت کی جانب سے انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کو بیس سے کم کر کے پانچ فیصد کر دیا گیا تھا جب کہ 30 جون 2021 تک سینما گھروں کو انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی سے مستثنیٰ بھی قرار دیا گیا تھا۔دوسری طرف سینما مالکان کا کہنا ہے کہ ہماری خوشی ادھوری ہے کیونکہ ابھی تمام سینما گھر بند ہیں۔