کپور فیملی کے کورونا سے متاثر ہونے کی جھوٹی خبر پر ردھیما کپور ناراض

July 14, 2020

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) حال ہی میں بولی وڈ اداکار امیتابھ بچن اور ان کے بیٹے اور ایشوریہ رائے کے شوہر ابھیشیک بچن کے کورونا سے متاثر ہونےکی خبر نے سب کو حیران کردیا ہے۔ فی الحال ان کا علاج جاری ہے، لیکن اس دوران کپور فیملی سے متعلق ایک جھوٹی خبر پھیلنے سے سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی۔ حال ہی میں نیتو سنگھ اور رنبیر کپور کے کورونا پازیٹیو پائے جانے کی جھوٹی خبریں پھیل رہی ہیں۔ وہیں کئی لوگوں کو اسے پوسٹ کرتے ہوئے دیکھ کر نیتو کپور کی بیٹی ردھما کپور کو غصہ آگیا۔ انہوں نے پوسٹ کے ذریعہ ان خبروں کو نہ صرف جھوٹ بتایا ہے بلکہ ایسی خبریں پھیلانے والوں پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں ردھما کپور نے ایک پوسٹ شیئر کی ہے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے ایک اسکرین شاٹ بھی دکھایا ہے۔ اس اسکرین شاٹ میں ایک ٹوئٹر صارف کا پوسٹ ہے، جو دعوے کے ساتھ لوگوں کو یہ بتاتا رہا ہے کہ نیتو سنگھ اور رنبیر کپور کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ اس شخص نے کرن جوہر کو بھی کورونا پازیٹیو بتا دیا۔ یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ردھما کپورنے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اس پوسٹ میں لکھا کہ لوگوں کی اٹینشن لینے والے؟؟؟ کم ازکم اس بات کی تصدیق تو کروالیتے۔ ہم پوری طرح فٹ ہیں، ہم اچھے ہیں۔ پوسٹ میں ردھما کپور نے سبھی سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کی افواہیں نہ پھیلائیں۔ اس کے علاوہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے اس شخص کو ردھما کپور نے #lunatics یعنی ’پاگل’ کہہ کر مخاطب کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ردھما کپور نے اپنی ماں نیتو کپور کے یوم پیدائش پر چھوٹی سی پارٹی منعقد کی تھی۔ جس سے والد رشی کپور کے انتقال کے بعد انہیں ماں کو تھوڑا بہتر احساس کرانے کا موقع ملا۔