شعبہ کمرشل کیلئے لائف لائن، پی سی بی کو قومی کرکٹ ٹیم کیلئے اسپانسر مل ہی گیا

July 14, 2020

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے شعبہ کمرشل کو اس بار اس لئے لائف لائن مل گئی کہ دنیا کورونا وائرس کی وجہ سے بدترین مالی بحران کا شکار ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں سیریز شروع ہونے سے قبل اسپانسر مل ہی گیا ۔ البتہ دنیا بھر میں ہر چیز مہنگی ہورہی ہے۔ مشروبات بنانے والی کمپنی نے پی سی بی کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں کم رقم ادا کرکے ایک سال کی ڈیل کرلی۔ وہی کمپنی جو سالہا سال سے پی سی بی کو مختلف معاہدے کرانے میں مدد دے رہی ہے اس کمپنی کی مدد سے ڈیل ہوگئی ہے۔ پی سی بی لیگل ڈپارٹمنٹ اب کاغذی کارروائی میں مصروف میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک کمپنی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سال تین سالہ معاہدے کے لئے چھ سو ملین روپے کی پیشکش کی تھی۔کئی محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنےو الے پی سی بی کمرشل ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پر ایک سال کے لئے دو سو ملین روپے کی ڈیل کرلی ہے۔ ٹیم اگلے برس جون تک اپنی شرٹس، سوئیٹرز اور ٹریک سوٹ پراس کا لوگو استعمال کرے گی۔ اس سے قبل اسی کمپنی نے بورڈ کے ساتھ تین سال کے لئے5.5 ملین ڈالرز کا معاہدہ کیا ہوا تھا۔ اس کی تجدید نہ ہوسکی لیکن اب اس کا 30فیصد ایک سال کے لئے ادا کیا جارہا ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ حکام نے کمرشل ڈپارٹمنٹ کی حالیہ کارکردگی دیکھتے ہوئے اگلے سال تین سال کے اسپانسرشپ معاہدے کے لئے کوششیں شروع کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ کی خراب صورتحال کے پیش نظر پاکستان ٹیم کے لئے کوئی ایسا اسپانسر نہیں ملا جو پر کشش ڈیل کے ذریعے تین سال کا معاہدہ کرتا۔2021کے آغاز میں نئی تین سالہ ڈیل کے لئے ٹینڈر کیا جائیگا ۔ جون2021 سےجون2024 تک پاکستان نے پچاس اوورز کا ورلڈ کپ،دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ، دو ایشیا کپ کے علاوہ ہوم گرائونڈ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیموں کی میزبانی کرنا ہے۔ پی سی بی حکام کو یقین ہے ایکشن سے بھرپوران تین برسوں کیلئے اس سال کے مقابلے میں زیادہ ریونیو مل سکے گا۔