پی ٹی آئی آج اقتدار میں انصاف کیلئے آئی ہے، خرم شیرزمان

July 14, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی آج اقتدار میں آئی ہے تو انصاف کے لئے آئی ہے،مشیر اطلاعات کے پی کے شوکت یوسفزئی نے کہاکہ بلین ٹری میں کرپشن کا الزام اپوزیشن لگاتی ہے لیکن بتاتی نہیں کہ کرپشن کہاں ہوئی ہے،گلوکار بلال مقصود نے کہا کہ قرنطینہ سے نکلے 15 دن ہو گئے،مکمل صحتیاب ہوں۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف آج اقتدار میں آئی ہے تو انصاف کے لئے آئی ہے اگر پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن کسی بھی غلط کام میں ملوث ہے تو ان کے خلاف قانون کا ڈنڈا حرکت میں آنا چاہئے ، میں توسمجھتا ہوں کہ تحریک انصاف کو سراہنا چاہئے کہ اس نے جو ذمہ داری پیپلز پارٹی کی تھی کہ جے آئی ٹی منظر عام پر لائے یہ اقدام تحریک انصاف نے اٹھایا اور جے آئی ٹی کو ریلیز کروایا۔ انصاف ہونا چاہئے اگر آج ہم انصاف نہیں کریں گے تو کیا کل ہمارے ساتھ انصاف ہوگا۔