مراد سعید میں حوصلہ نہیں صحافیوں کو جواب دیتے‘ پلوشہ خان

July 14, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پلوشہ خان نے وفاقی وزیر مراد سعید کی طرف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف کی گئی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد سعید نے آج نامعلوم جگہ سے پریس کانفرنس کی یا تو جادو نے پریس کانفرنس سے صحافی غائب کر دیئے یا پھر مراد سعید میں یہ حوصلہ نہیں کہ وہ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ جادو سےکبھی ادویات غائب ہو جاتی ہیں تو کبھی آٹا‘ چینی اور پٹرول جس کا مالی فائدہ بنی گالہ کو ہی جاتا ہے۔ پلوشہ خان نے کہا کہ ظالم جادو نے پلک جھپک کر سٹیل ملز کے 10000مزدوروں کو بیروزگار کرکے ان سے روزی کا ذریعہ غائب کیا اب وہ پی آئی اے غائب کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی یہ حالت ہوگئی ہے کہ مراد سعید کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔