نالوں کے گرد گندگی کے ڈھیر، شہری بھی کوڑا پھینکنے سے باز نہ آئے

July 14, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) کینٹ کے نالوں کی صفائی پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بعض مقامات پر نالوں کے گرد گندگی کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں، لوگوں کی طرف سے بھی نالوں میں کچرا پھینکنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، بعض نالوں میں شہریوں کی طرف سے پلرز اور دیواریں وغیرہ بنائے جانے کی وجہ سے پانی کے بہائو میں رکاوٹیں آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہریوں پر نالوں میں کوڑا کرکٹ اور بلڈنگ میٹریل پھینکنے پر جرمانہ کر دیا جائے تو صورتحال میں بہتری آسکتی ہے۔کینٹ کی بعض آبادیوں میں ایسے مقامات سے بھی نالے گزر رہے ہیں جہاں پر مشینوں کا داخل ہونا بھی مشکل ہے ، کینٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹر نے ایک دفعہ تمام نالوں کی صفائی کا کام مکمل کر لیا ہے ، گزشتہ روز کی بارش سے بعض نالوں میں دوبارہ ملبہ اکٹھا ہو گیا جس کی صفائی کا کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ نالوں کی صفائی پورے مون سون میں جاری رہیگی، بارش سے جس نالے میں ملبہ جمع ہو گیا اسے دوبارہ نالے سے نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بھی کینٹ بورڈ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ، کچرے سے بھرے پلاسٹک بیگ اور گوبر نالوں میں پھینکنے کی بجائے ڈمپنگ پوائنٹس پر پھینکنے چاہئیں۔ نالے چوک ہونے کی سب سے بڑی وجہ کچرے سے بھرے پلاسٹک بیگ پھینکنا ہے۔