منشیات کی لیڈی سمگلر اے این ایف کی غلط بیانی پر بری

July 14, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی ڈویژن کے جج سہیل ناصر نے منشیات کی لیڈی سمگلر کو اے این ایف کی جعل سازی کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ جب برائی کی روک تھام کیلئے قائم ادارے کی اپنی کہانی مشکوک ہو جائے تو پھر اس کا فائدہ ملزم کو ہی ملے گا۔معلوم ہوا ہے کہ اے این ایف نے رواں برس اٹھارہ فروری کو ٹال پلازہ اٹک پر ویگن میں سوار خاتون زبیدہ بی بی کو حراست میں لیکر 2400گرام چرس برآمد کی اور موقع پر برآمدگی کی گواہ لیڈی کانسٹیبل صائمہ بی بی کو بتایا گیا، دوران سماعت وکیل صفائی شہزاد انور کی استدعا پر تھانے کا روزنامچہ طلب کیا گیا تو لیڈی کانسٹیبل کی گواہی فرضی ثابت ہوئی کیونکہ روزنامچہ میں درج رپورٹ نمبر پانچ آٹھ بجکر چار منٹ پر خاتون کی ڈیوٹی تبدیل ہونے سے متعلق تھی جس کے نیچے اے این ایف کے عملے نے علیحدہ سے لیڈی کانسٹیبل کی دوبارہ انٹری ڈال رکھی تھی، عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دوران شہادت روزنامچہ طلب کئے جانے کے بعد اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے چند سطور کا اضافہ کیا گیا جو مشکوک ہیں، ان حالات میں جب خاتون گواہ کی موقع پر موجودگی ہی ثابت نہیں ہو رہی تو پھر باقی کی ساری کہانی بھی مشکوک ہو جاتی ہے ساتھ ہی عدالت نے ملزمہ کو بری کرنے کاحکم دیدیا۔