شہیدوں نے کشمیریوں کو آزادی کی راہ دکھائی، مقررین

July 14, 2020

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)1931میں سری نگر جیل کے باہر اذان مکمل کرنے کے لئے جان قربان کرنے والے 22 کشمیریوں کی یاد میں پیر کو کل جما عت حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم شہدا ء کشمیر منایا گیا اور محمد فاروق رحمانی کی قیادت میں شہداء کانفرنس منعقد ہو ئی،کانفرنس کا مقصد 1931 کے ان شہداء کو زبر دست خراج عقیدت پیش کرنا تھا جنہوں نے ڈوگر ہ سامراج کی شخصی حکومت کے خلاف اپنی قیمتی جانیں قربان کیں،کانفرنس میں اس بات کا کامل اتفاق پایا گیا کہ 13 جولائی کے شہداء کی روشن کی ہوئی شمع حریت و آبرو مند کو روشن رکھنے اور حصول آزادی تک ہر وہ قربانی پیش کی جائیگی جس کا حالات مطا لبہ کریں،اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے، مقررین نے کہا کہ 1931 کے شہیدوں نے کشمیری قوم کو آزادی کی راہ رکھائی، بھارت کشمیری قوم کے جذبہ حریت کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے لیکن کشمیری عوام اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ،مقررین نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر بر صغیر میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ آخر میں شہدا ء کشمیر کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی ، کانفرنس میں شیخ عبدالالمتین ، شمیم شال، عبدالمجید ملک، سید یوسف نسیم ، میر طاہر مسعود ودیگر نے شرکت کی۔