مفاداتی پالیسیاں دہشتگردی ختم نہیں ہو نے دے رہیں ، حامد موسوی

July 14, 2020

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) قائد ملت جعفریہ آغاسید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور حکومت سے سوال کرتی ہے کہ کب تلک دھرتی کے سپوت مصلحتوں کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ چکوال کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سیاستدانوں کی مفاداتی پالیسیاں دہشت گردی کو ختم نہیں ہو نے دے رہیں ، حکمران دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے بھیک میں امن حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ خدارا حکومت قومی فضاؤں میں نفرتوں کا زہر گھولنے والوں سے بلیک میل نہ ہو ۔انہوں نے کہا انتہا پسند ی کو پریشر گروپ کے طور پر استعمال کرنے والے آج بھی دیرینہ دوستیاں نبھا رہے ہیں۔ 13جولائی 1931کے کشمیری شہیدوں کا خون رنگ لا کر رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان منی بھارت کا روپ دھار چکا ہے، ایک سازش کے تحت سرحدی علاقوں میں ہر امن معاہدے کو سبوتاژ کیا گیا ۔