تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کی جان بچانا کارخیر ہے صاحبزادہ حلیم

July 14, 2020

پشاور(نمائندہ خصوصی)خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے فلاحی ادارے فرنٹیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ تھیلی سیمیا کے شکار ہزاروں پھول جیسے غریب بچوں کی جان بچانا بہت بڑا کا خیر ہے۔ مخیر حضرات کو اس کار خیر میں شریک ہونے کے لئے فرنٹیئر فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کرنی چاہئے اور صدقات و عطیات کی رقم اور قربانی کی کھالیں فرنٹیئر فائونڈیشن کو دینی چاہئیں صاحبزادہ محمد حلیم نے خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کے سلسلے میں مہم کے دوسرے مرحلہ کے آغاز کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فرنٹیئر فائونڈیشن کے تین مراکز پشاور کوہاٹ اور سوات میں تھیلی سیمیا کے شکار تین ہزار پانچ سو غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جارہا ہے اور تینوں مراکز میں زیر علاج غریب بچوں کے والدین کو مفت کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ بلڈ کینسر کے مریضوں کے علاو ہسرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہزاروں مریضوں کی جان بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جا رہا ہے۔ مفت علاج کی وجہ سے فرنٹیئر فائونڈیشن غریبوں کی امیدوں کا محور بن گئی ہے۔ مخیر حضرات کو تھیلی سیمیا کے غریب بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے مالی امداد کے لئے فرنٹیئر فائونڈیشن سے رابطہ کرنا چاہئے۔