تُرک اداکارہ کو پاکستانی کمپنی کا برانڈ ایمبیسڈڑ بنانے پر پاکستانی فنکار ناراض

July 14, 2020

پاکستانی فنکاروں کی جانب سے ترک اداکارہ اسراء بلجیک کو پاکستانی کمپنی کا برانڈ ایمبیسڈر بنائے جانے پر اظہار برہمی کیا جارہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر سب سے پہلے کامیڈین اداکار یاسر حسین نے غیر ملکی برانڈ ایمبیسڈر کے خلاف آواز بلند کی جس کی حمایت میں اداکارہ ایمن خان اور اداکارہ منال خان بھی بول پڑیں۔

اداکار یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں مداحوں سے مشورہ مانگتے ہوئے اپنی رائے دی اور کہا کہ ’آپ کو نہیں لگتا کہ پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبیسڈر پاکستانی ہونی چاہئے، نہ بھارتی اور نہ ہی تُرکش؟

انہوں نے اپنے پیغام میں پاکستان زندہ آباد بھی لکھا۔

اداکار کی اس اسٹوری پر ساتھی فنکاروں کی جانب سے سراہے جانے پر اداکار نے اپنے ایک اور پیغام میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکاراؤں کا نام لیتے ہوئے لکھا کہ ’کیا ماہرہ، صبا، سونیا، منال، ایمن، زارا، ہانیہ، ثنا، یمنیٰ، ارمینہ، سارہ، حرا میں سے کوئی اس قابل نہیں کہ پاکستانی برانڈ کی برانڈ ایمبیسڈر بن سکے؟

انہوں نے لکھا کہ پاکستانی فنکاروں کی حمایت کریں، ساتھ ہی یاسر نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اہلیہ اقراء عزیز کا نام اس لیے نہیں لیا کہ وہ پہلے ہی ایک موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔

اداکار کی اس پوسٹ کو اداکارہ ایمن اور منال نے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یاسر کے موقف کی بھرپور حمایت کرتی ہیں۔

اپنے ایک پیغام میں منال خان نے لکھا کہ یاسر نے بالکل کھری بات کی ہے لیکن یہاں لوگ یاسر کو غلط ضرور ثابت کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اسلامی تاریخ کی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی تُرک اداکارہ اسراء بلجیک پاکستانی کمپنی کی برانڈ ایمبیسڈر بن گئیں۔

اسمارٹ فون کمپنی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا کہ اسراء بلجیک کو نئی ڈیوائس ویو میکس پرو کے لیے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کردیا گیا ہے۔