سول ایوی ایشن کیخلاف پائلٹ وقار احمد کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار

July 14, 2020


سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے خلاف پائلٹ وقار احمد کی درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیدی گئی۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین نے پائلٹ وقار احمد کی درخواست خارج کرتے ہوئے ریماریکس دیے کہ لائسنس کے معاملے پر اعلیٰ سطح کی انکوائری جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: غیرملکی ائیرلائنز میں کام کرنیوالے 21 پائلٹس کلیئر قرار

انہوں نے مزید ریمارکس دیے کہ انکوائری کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ بالکل مداخلت نہیں کرسکتی۔

جسٹس خادم حسین نے کہا کہ انکوائری میں جو لائسنس ٹھیک ثابت ہوگا وہ بحال کردیا جائے گا اور جو جعلی ہوں گے وہ منسوخ کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے یہ ریمارکس بھی دیے کہ ہم جعلی لائسنس پر کسی کو طیارہ اڑانے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں؟ کیسے اجازت دیں کہ جائیں جعلی لائسنس پر طیارہ اڑائیں اور لوگوں کو مارتے پھریں؟

جسٹس خادم حسین نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سب نے مذاق بنایا ہوا ہے کسی کو احساس نہیں۔

انہوں نے درخواست گزار کو متنبہ کیا کہ وہ درخواست واپس لیں ورنہ جرمانہ لگا کر مسترد کردیں گے۔

پائلٹ وقار احمد نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ انہوں نے سول ایوی ایشن پر لائسنس ضرور لیا ہے لیکن وہ پی آئی اے میں ملازمت نہیں کرتے۔